27 نومبر 2015 - 17:35
بانی پاکستان کا مزار بند

بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر عوام کا داخلہ بند کر دیا گیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بانی پاکستان کے مزار پر سیکورٹی انتظامات بھی مزید سخت کر دیئے گئے ہیں اور عوام کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے حکومت سندھ کو کراچی میں بانی پاکستان کے مزار پر دہشت گردی کے خطرے سے تحریری طور پر آگاہ کیا۔ وفاقی وزارت داخلہ سے تحریری نوٹس ملنے پر سندھ حکومت نے قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کی سیکورٹی مزید بڑھا کر عوام کے لیے بند کیا۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے انٹیلی جنس اداروں کو اطلاع ملی ہے کہ دہشت گرد عناصر رینجرز کے آپریشن اور بلدیاتی انتخابات کو سبوتاژ کرنے کے لیے مزار قائد کے احاطے میں بڑی کارروائی کرسکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ میں پانچ دسمبر کو بلدیاتی الیکشن کے تیسرے مرحلے کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ حکومت سندھ بلدیاتی انتخابات کی سیکورٹی کے لیے فوج کو طلب کرنے پر غور کر رہی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169